بیرک گولڈ اور ہنر فاؤنڈیشن کےاشتراک سےچاغی میں تربیتی ادارہ فعال

کیپشن: بیرک گولڈ اور ہنر فاؤنڈیشن کےاشتراک سےچاغی میں تربیتی ادارہ فعال

پبلک نیوز: طویل عرصے سے صوبہ بلوچستان ترقی سے محروم رہا ہے جس کی وجہ سے یہاں دہشتگردی سمیت کئی مسائل پیدا ہوئے،اب حکومت اور دیگر اداروں کی جانب سے صوبہ بلوچستان میں کئی طرح کے منصوبے شروع کئے جا چکے ہیں جن کے ثمرات آنے والے وقت میں یہاں کی آبادی کو ملیں گے۔

تفصیلات کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(SIFC) کی چھتری تلے جو منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان میں سے ایک بیرک گولڈ پراجیکٹ بھی ہے، بیرک گولڈ کمپنی   بلوچستان میں سونے اور تانبے کی تلاش کیلئے کان کنی  کے منصوبے پر کام کر رہی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ اس نے مقامی آبادی کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کیلئے بھی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

بیرک گولڈ کمپنی جہاں ایک جانب سونے اور تانبے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کیلئے سکول قائم کر رہی ہے وہاں ان کی صحت کیلئے بھی مکمل توجہ دی جا رہی ہے،اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرک گولڈ نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں ہنر فائونڈیشن کے تعاون سے ایک تربیتی ادارے کا قیام عمل میں لایا ہے۔

اس ادارے کا بنیادی مقصد علاقے کے نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھا کر اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے تاکہ وہ صوبے کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(SIFC) ، بیرک گولڈ اور ہنر فائونڈیشن کے اشتراک سے شروع ہونے والے اس منصوبے کے تحت پہلے بیچ کی تربیت کی شروعات ہو چکی ہے،پہلے بیچ میں نوجوانوں کو چار ماہ کی مدت کے دوران مختلف ہنر سکھائے جائینگے۔

نوکنڈی میں شروع ہونے والے تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے میں 64 مرد طلبا شامل ہیں جنہیں بڑھئی(لکڑی کے کام) اور معمار(تعمیراتی شعبے ) کے حوالے سے کورسز کروائے جائینگے،علاقے کے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی خودمختار بنانے کیلئے پہلے مرحلے میں 34 خواتین طلبا بھی شامل کی گئی ہیں جنہیں کمپویٹر کورسز کروائے جائینگے۔

دوسرے مرحلے کا آغاز جولائی 2024ء میں ہوگا جس میں طلبا کی تعداد کو بڑھا کر 300 کیا جائے گا۔

دوسرے مرحلے میں علاقے کے نوجوانوں کو معاشرے کا مفید فرد بنانے کیلئے پلمنگ، میک مینوفیکچرنگ، ویلڈنگ، جنرل الیکٹریشن، کرین آپریٹر اور آئی ٹی جیسے کورسز کروائے جائینگے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، بیرک گولڈ اور ہنر فائونڈیشن کی جانب سے بلوچستان کی نوجوان نسل کیلئے یہ منصوبے آنے والے وقت میں روشن مستقبل کی نوید ہیں،امید ہے کہ وہ نوجوان جو ملک دشمن عناصر کا ایندھن بن رہے تھے اس طرح کے ترقیاتی منصوبے آنے کے بعد ملک اور بالخصوص بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔