ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، 2 جوان شہید

ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، 2 جوان شہید
کیپشن: DI Khan: Suicide attack on security forces convoy, 2 jawans martyred

ویب ڈیسک: ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ کیے جانے کی اطلاع ہے۔ جس میں 2 جوان جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا۔ خودکش بمبار نے گاڑی فورسز کے قافلے سے ٹکرا دی۔ 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں 2 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ 38 سالہ نائب صوبیدار یاسرشکیل اور34 سالہ سپاہی طاہرنوید شہید ہوئے۔ 

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادرسپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کومزید مضبوط کرتی ہیں۔ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے قافلے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج دہشتگردی کے ناسور کے مکمل طور پر خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ جب تک ملک سے دہشتگردی کا مکمل سدباب نہیں ہو جاتا ہماری دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی مذمت: 

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تشدد کی بزدلانہ حرکت کے ذریعے ہماری سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔ نائب صوبیدار یاسر شکیل شہید اور سپاہی طاہر نوید شہید نے ارضِ وطن کی خاطر جانیں قربان کیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے دفاع میں شہید جوانوں کی لگن اور بہادری کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم میں پوری قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی مذمت:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے خود کش حملے میں شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ دکھ کی گھڑی میں شامل ہیں۔ شہید اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا۔

عبدالعلیم خان کی مذمت:

وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی مذمت کی۔

عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ افواج پاکستان دہشتگردوں کے خلاف ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ 

عبدالعلیم خان نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کےدرجات کی بلندی اور اہل خانہ کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام  میمن کی مذمت: 

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے ڈی آئی خان میں فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

شرجیل انعام میمن کی جانب سے نائب صوبیدار یاسر شکیل اور سپاہی طاہر نوید کی شہادت پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ نائب صوبیدار یاسر شکیل اور سپاہی طاہر نوید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہے۔ شہیدوں کی بہادری اور فرض شناسی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ بحیثیت قوم ہم دہشت گردی کے خلاف متحد تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی  نے  ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے دو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ  ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انشاللہ وطن پاک سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔