80 فیصد امکان ہے کہ 23 مئی کو گرفتار کرلیا جاؤں گا، عمران خان

80 فیصد امکان ہے کہ 23 مئی کو گرفتار کرلیا جاؤں گا، عمران خان
لاہور: سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان کا کہنا ہے کہ 80 فیصد امکانات ہیں کہ منگل کو اسلام آباد جاؤں گا تو گرفتار کر لیا جاؤں ۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اس بات کا قوی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکن ہے کہ جب میں منگل کو ضمانت لینے کے لئے عدالت جاؤں تو اسلام آباد پولیس گرفتار کر لے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت قانون کی حکمرانی نہیں ہے، ملک کی مختلف جیلوں میں خواتین اور سینئر قیادت سمیت 10 ہزار سے زائد کارکنان زیر حراست ہیں، سب کچھ صرف ہماری جمہوریت کو ختم کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) حکومت کے خاتمے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری حکومت ختم کرانے کے ذمہ دار قمر باجوہ ہیں، آج تک سمجھ نہیں آیا باجوہ کو مجھ سے ایسا کیا مسئلہ ہوا کہ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت ہی ختم کر دی۔ ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملے ہوئے اور قتل کی کوشش کی وجہ یہ تھی کہ پی ڈی ایم متعدد ضمنی انتخابات ہار چکی تھی اور پی ٹی آئی زیادہ سے زیادہ مقبول ہو رہی تھی، اس لئے میں جانتا تھا کہ میری جان کو خطرہ ہے اور مجھے اس کے بارے میں کھلے عام بات کرنا پڑی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت اکتوبر میں بھی انتخابات نہیں کرائے گی، مجھے خدشہ ہے کہ یہ لوگ الیکشن اس وقت کرائیں گے جب یہ واضح ہو جائے گا کہ پی ٹی آئی انتخابات نہیں جیت پائے گی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ حالات اس حد تک بگڑ چکے ہیں کہ ججوں اور عدالتوں کے فیصلوں کو بھی رد کیا جا رہا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔