عمران خان کاپی ٹی آئی امیدواروں کوگھرگھرانتخابی مہم شروع کرنےکاحکم

عمران خان کاپی ٹی آئی امیدواروں کوگھرگھرانتخابی مہم شروع کرنےکاحکم
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امیدواروں کو گھر گھر انتخابی مہم شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبر پختونخوا ریجنل صدور کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سیکرٹری جنرل اسد عمر اور شبلی فراز شریک ہوئے، اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، عون عباس ببی اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پنجاب کےپی انتخابات کے التوا کی حکومتی کوششوں پر مشاورت کی گئی۔اس کے علاوہ جلسوں میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی موجودگی پر بھی غور کیا گیا ،ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ عمران خان نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو گھر گھر انتخابی مہم شروع کرنے کا حکم دے دیا،اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ انتخابات عدلیہ کی مقرر کردہ تاریخ پر ہی ہوں گے، ملکی مسائل کا واحد حل فوری منصفانہ انتخابات ہیں، قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حالات یہ ہیں کہ حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانتی۔ جب تک طاقتور حکومت نہیں آتی یہ نظام ٹھیک نہیں کرسکتی، نامعلوم افراد لوگوں کو اٹھاتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، سکیورٹی کی وجہ سے احتیاط کررہا ہوں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔