حکومت کی شیرافضل مروت کو چیئرمین پی اے سی بنانے کی مخالفت

حکومت کی شیرافضل مروت کو چیئرمین پی اے سی بنانے کی مخالفت
کیپشن: Government's opposition to making Shirafazl Marwat the Chairman PAC

ویب ڈیسک: حکومت اور اپوزیشن میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حوالے سے ڈیڈلاک ختم نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور ناکام ہوگیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے شیر افضل مروت کے نام سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا ہے۔ حکومت نے بھی شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی بنانے کی مخالفت کر دی ہے۔ 

ذرائع اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق حکومت عامر ڈوگر کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر تیار ہے۔ جبکہ سنی اتحاد کونسل میں عامر ڈوگر کے نام پر اختلاف پایا جاتا ہے۔

عمرایوب کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین نے شیر افضل مروت کو نامزد کیا ہے ، ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

دوسری جانب جے یو آئی ف کے نور عالم خان نے بھی لابنگ تیز کردی۔ چیئرمین پی اے سی کے لیے جے یو آئی ف کی طرف سے جلد درخواست جمع کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جے یو آئی ف سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے کیونکہ پی ٹی آئی تمام اراکین آزاد ہیں۔ 

سپیکر نے اپوزیشن اور حکومت کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔