عمران خان کا نگران وزیر اعلی پنجاب کی تقرری کیخلاف احتجاج کا اعلان

عمران خان کا نگران وزیر اعلی پنجاب کی تقرری کیخلاف احتجاج کا اعلان
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی تقرری کیخلاف کل سے احتجاج کا کردیا ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نقوی نے میری حکومت گرانے کی سب سے زیادہ کوشش کی، 2008 میں محسن نقوی نے 35 لاکھ روپے نیب کو واپس کیے۔محسن نقوی پی ٹی آئی کا بدترین دشمن ہے، محسن نقوی کے چینل پر پی ٹی آئی کے خلاف پروپگینڈا چلتا ہے،محسن نقوی کو وزیر اعلیٰ بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنھوں نے عمران خان کے اوپر کانٹا ڈالا ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کے پاس اخلاقی معیار ہوتے ہیں، برطانیہ میں وزیراعظم کو جھوٹ بولنے پر مستعفی ہونا پڑا، بورس جانسن نے آفس کے باہر کورونا کے دوران پارٹی کی، مستعفی ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جمہوریت کے معیار اتنے گرگئے کہ کسی کو اعتماد ہی نہیں کہ حکومت شفاف انتخابات کرواسکتی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کی بنیادی وجہ اس کا غیر جانبدار ہونا ہے، ہم نے ناصر کھوسہ کا نام چنا، سوچا کہ یہ نام ان کو بھی پسند ہوگا، احمد سکھیرا اس وقت کابینہ سیکریٹری ہیں ہم نے سوچا اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہوگا، نوید اکرم چیمہ بھی شہباز شریف کے سیکریٹری رہ چکے ہیں، لیکن انھوں نے ہمارے تمام نام مسترد کیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں جے یو آئی نے اعظم خان کا نام دیا،خیبر پختونخوا میں جے یو آئی نے صحیح نام دیا تو ہم نے تسلیم کیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اتنا بد دیانت الیکشن کمیشن اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، اس الیکشن کمیشن کا ہر فیصلہ ہمارے خلاف آتا ہے۔ عمران خان نے توشہ خانہ کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کا کیس بڑا مذاق ہے، اس حکومت نے توشہ خانہ میں میری تمام تفصیل دی، اب عدالت نے ان سے توشہ خانہ کا ریکارڈ مانگا تو کہتے ہیں سیکرٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت میں تھا تو رپورٹ آئی، ایک آدمی جس نے سب سے زیادہ کوشش کی حکومت گرانے کی اس کا نام محسن نقوی تھا، آئی بی نے محسن نقوی کی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ دی تھی۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جس کو زرداری نے بیٹا بنایا ہوا ہے اس کی ساکھ کیا ہوگی، باہر کی دنیا میں آصف زرداری کو مسٹر ٹین پرسٹ کہا گیا، جنرل باجوہ کے این آر او ٹو ملنے سے یہ سب بچ گئے، محسن نقوی میں نہ اخلاقی معیار ہے نہ غیرجانبداری۔ عمران خان نے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کیخلاف کل سے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کیخلاف کل لاہور میں احتجاج کریں گے، الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کیخلاف بدھ کوراولپنڈی میں احتجاج کیاجائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی کی تعیناتی کرکے الیکشن کمیشن نے جانبدار ہونے کاثبوت دیا ہے، یہ چاہتے ہیں عمران خان اور پی ٹی آئی پر ریڈ لائن لگا کر دوبارہ چوروں کواقتدارمیں لایا جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔