اسلام آباد : اتحادی حکومت نے اپنی آئینی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر اور شریک چیئر مین پیپلز پارٹی آصف زرداری اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان میں مشاورت ہوئی، جس میں یہ فیصلہ ہوا کہ موجودہ حکومت 17اگست 2023 تک موجود رہے گی اور اس کے بعد نئے الیکشن کا اعلان کیا جائے گا۔ اتحادیوں نے فیصلہ کیا کہ وہ انتخابات کے معاملے میں کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور اپنے فیصلے اپنی مرضی سے کریں گے،مشکل گھڑی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، معیشت کی بحالی، ملکی تعمیر اور ترقی کے لیے کچھ مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔ اجلاس میں طے پایا کہ پی ٹی آئی کو دھرنے کے لیے جگہ سری نگر ہائی وے پر نہیں دی جائے گی۔ ہائی وے کے بجائے کسی گراؤنڈ کی پیشکش کی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس 25 مئی کو ہوگا ، جس میں فوری الیکشن نہ کرانے سے متعلق مکمل لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی بدھ 25 مئی کو سوئزرلینڈ سے واپس آ جائیں گے اور امکان ہے کہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ 25 مئی کے اجلاس میں معیشت سے متعلق سخت فیصلے کیے جائیں گے۔