لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان سے سینئر صحافیوں اور اینکرپرسنز نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ترجمان وزیر اعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات کرنیوالے صحافیوں میں اقراء حارث،زنیرہ اظہر، تنویر شہزاد، نعیم اشرف بٹ، زین علی، منصور ملک، ارسلان رفیق بھٹی، محبوب عالم اور مخدوم شہاب شامل تھے۔ ترجمان وزیر اعلی پنجاب و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ چیئرمین عمران خان نے امپورٹڈ حکومت کی وجہ سے ملک کو ہونیوالے معاشی اور سیاسی نقصانات پر تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے 26 نومبر کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے بعد صحافیوں پر ریاستی جبر کیخلاف عمران خان آواز اٹھاتے رہیں گے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے حکومت پر دباؤ مزید بڑھایا جائے گا۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ اسحاق ڈار اور شہباز شریف کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، باؤ جی اور اسحاق ڈار کا اپنا ہوم ٹاؤن لندن ہے، عام آدمی اور غریب کسان نے اسی ملک میں رہنا ہے۔ مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کیلئے اس ملک میں عمران خان کی قیادت ناگزیر ہوچکی ہے، پاکستان کو پچھلے 8 ماہ میں جس تجربہ گاہ سے گزارا گیا، ہم اس سزا کے مستحق نہیں تھے۔