لاہور ( ویب ڈیسک ) سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن میں ہیں مگر انہیں لاہور میں جعلی کورونا ویکسین لگانے کی رپورٹ سامنے آگئی، انہیں کورونا ویکسین لگانے کی ڈیٹا انٹری کر دی گئی ہے، ڈیٹا کے مطابق انہیں کورونا ویکسین کوٹ خوا جہ سعید ہسپتال میں لگائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے کورونا ویکسین کی انٹری کرنے کا جو سسٹم بنایا گیا ہے اس میں نوید الطاف نامی ویکسی نیٹر کی طرف سے کی جانیوالی انٹری میں درج کی گئی تفصیلات میں بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال سے کورونا ویکسین لگوائی ہے۔ اس نظام میں کمیوں کا سوال بہت پہلے بھی اٹھتا رہا ہے لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے کورونا کی ویکسین لگوانے کے بجائے جعلی انٹری کروا لی اور چند پیسے دے کر حکومتی نظام کی کوتاہیوں کا فائدہ اٹھایا ، مگر حیران کن طور پر علاج کیلئے لندن میں مقیم سابق وزیر اعظم نواز شریف کے آئی ڈی کارڈ کی انٹری کر کے انہیں بھی لاہور میں کورونا ویکسین لگوا دی گئی ہے۔ ڈیٹا میں بتایا گیا کہ گزشتہ شام چار بج کر چار منٹ پر میاں نواز شریف کو لاہور میں کوٹ خوا جہ سعید ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا ویکسین لگائی گئی، انہیں ابھی کورونا کی پہلی ڈوز لگائی گئی ہے جبکہ دوسری ڈوز انہیں 20 اکتوبر کو لگائی جائے گی ۔ محکمہ صحت کی طرف اس مضحکہ خیز اقدام پر فوری طور پر ایکشن لے لیا گیا ہے ، سائبر کرائم کو خط لکھ دیا گیا ہےاور غلط ڈیٹا انٹری کرنے پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس سے قبل بھی جعلی انٹری کرنے پر کئی ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں ۔