لاہور(ویب ڈیسک) بٹ کوائن میں تاوان کی رقم وصول کرنے کے کیس میں لاہور پولیس نے6 ملزمان کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
لاہور پولیس کے مطابق ملزمان نے دو غیر ملکیوں کو اغوا کیا تھا جبکہ تاوان کی رقم بٹ کوائن کے ذریعے وصول کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس منفرد کیس میں محکمہ جیل کے تین اہلکار بھی ملوث ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک خبر کے مطابق دو غیر ملکیوں کے اغوا اور بٹ کوائن میں تاوان وصول کرنے کے کیس میں ملوث مرکزی ملزم رانا عرفان کے علاوہ باقی چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم رانا عرفان محمود واردات کی اگلی صبح ہی اسلام آباد سے بذریعہ ترکی یورپ فرار ہو گیا تھا جسے عدالت سے اشتہاری قرار دلوا کر انٹرپول کی مدد سے پاکستان واپس لایا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔ دونوں غیر ملکیوں کو سرمایہ کاری کے بہانے پاکستان لایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو لاہور سیف سٹی اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ غیر ملکی باشندوں کے مترجم اور کیس کے مدعی عطا النور ثاقب نے کہا کہ یہ دونوں غیر ملکی باشندے پاکستان میں 2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے تاہم انہیں پاکستان بلانے والے مرکزی ملزم نے اغواء کر لیا۔