بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے دو شہری شہید، ایک زخمی

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے دو شہری شہید، ایک زخمی
راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید جب کہ 1 شدید زخمی ہے . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے آج 11 بجکر 55 منٹ پر لائن آف کنٹرول کے سیکٹر ستوال میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی، بھارتی فورسز نے چرواہوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا ہے ، شہید ہونے والوں میں محمد قاسم اور عبید قیوم شامل ہیں، دونوں کا تعلق ضلع پونچھ کے گاؤں بارہ دری سے ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معصوم کشمیریوں کے ساتھ معمول کا غیر انسانی رویہ اپنایا گیا ہے، بھارت منصوبے کے تحت جھوٹے، من گھڑت بیانیے کی تسکین کیلئے معصوم جانوں کے درپے ہے، پاکستان، بلااشتعال فائرنگ کے معاملے پر شدید سراپا احتجاج ہے، لائن آف کنٹرول پر کشمیریوں کی جانوں کے تحفظ کو ملحوظ رکھیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنی مرضی کے انتخاب کے مطابق جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، بھارت کو کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے احترام کی یاد دہانی کرائی گئی ہے، کشمیریوں کی زمینوں پر کاشتکاری کا ناقابل تنسیخ حق بھی کشمیریوں کا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔