کراچی : ماہ رمضان میں مزید نئے روٹس پر پیپلز الیکٹرک بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ماہ رمضان میں مزید نئے روٹس پر پیپلز الیکٹرک بس سروس چلانے کا فیصلہ، فیصلہ صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹس سے متعلق اہم اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس ، بی آر ٹی ریڈ لائن ، اورینج لائن اور یلو لائن پروجیکٹس پر بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال حکیم اور این آر ٹی سی پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحت مزید نئی الیکٹرک بسیں لائی جا رہی ہیں ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت ہدایت دی ہیں کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، چیئرمین بلاول بھٹوزرداری زرداری نے ایک ہفتہ میں کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیلولر ڈزیز اور جوہر چورنگی پر فلائی اوور کے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں بھاری مینڈیٹ دیا ہے ، ان کی توقعات پر پورا اترنا ہماری ترجیح ہے،یلو لائن پروجیکٹ پر جلد کام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، جام صادق پل کا ٹینڈر 2 مئی تک ایوارڈ کر دیا جائے، اس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، یلو لائن پروجیکٹ کے بس ڈیپو کی تعمیر کے مسائل بھی حل کئے جائیں تاکہ ان کی تعمیر کا آغاز ہوسکے۔ صوبائی وزیر نے بی آر ٹی ریڈلائن سے متعلق کام کی رفتار پر ہفتہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی۔شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے کانٹریکٹرز کو رواں ہفتہ 400 ملین روپے کی ادائیگیاں کردی ہیں، بی آر ٹی ریڈ لائن کی لاٹ ون اور لاٹ ٹو پر 24 گھنٹے دو شفٹوں میں کام یقینی بنایا جائے۔