ویب ڈیسک: پیپلز پارٹی کے اویس قادر شاہ سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے جس کے بعد انہوں نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلا ت کے مطابق اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 19 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، سپیکر نے تمام اراکین کو انتخاب کا طریقہ کار بتایا۔
اسپیکر کے انتخاب کے لئے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے، اویس قادر شاہ نے 111 ووٹ حاصل کئے جبکہ ایم کیو ایم کی صوفیہ شاہ نے 36 ووٹ حاصل کئے۔
اویس قادر شاہ حلف اٹھانے کیلئے کھڑے ہوئے تو ایوان میں "بھٹو زندہ باد" کے نعرے گونجنے لگے، اس کے بعد انہوں نے سندھی زبان میں حلف اٹھایا، سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اویس قادر شاہ سے حلف لیا۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سپیکر کیلئے سید اویس شاہ اور ایم کیو ایم کی جانب سے سپیکر کیلئے صوفیہ سعید شاہ کو نامزد کیا گیا تھا۔
پینل آف چیئر کا اعلان
جانے والے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے پینل آف چیئر کا اعلان کر دیا۔
اعلان کردہ پینل آف چیئر میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن، سعید غنی، ندا کھوڑو اور علی خورشیدی شامل ہیں۔
اعلان کردہ پینل آف چیئر سپیکر اور ڈپٹی کی اسپیکر کی غیر موجودگی میں ایوان کی کارروائی چلائے گا۔
مزید 10 ارکان نے حلف اٹھا لیا
قبل ازیں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا تھا۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق سمیت 10 ارکان نے سندھ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا، سپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے تین، تین ارکان نے حلف نہیں لیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 147 ارکان نے سندھ اسمبلی میں حلف لیا تھا، ابتک مجموعی طور پر 157 ارکان سندھ اسمبلی حلف لے چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے 163 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے فیصلے پر پہلے آزاد ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں لیا تھا۔