بنگلورو کی بہنوں کا کارنامہ ، کشیدہ کاری کے ذریعے مکمل قرآن تحریر

بنگلورو کی بہنوں کا کارنامہ ، کشیدہ کاری کے ذریعے مکمل قرآن تحریر

 ویب ڈیسک : بھارت کے شہربنگلورو  کی دوبہنوں نے سوئی دھاگے سے کشیدہ کاری کے ذریعے ساڑھے 4 برس میں  مکمل قرآن کریم مکمل کرلیا ۔

 رپورٹ کے مطابق سگی بہنوں بی بی تبسم اور ثریا قریشی نے اپنے ہاتھوں سے قرآن پاک کے ہر ہر حرف  کی کڑھائی کی ہے، سوئی دھاگے سے قرآن  مجید کی تمام آیات  کپڑے پر پیش کیا ہے، کل 5 جلدوں میں قرآن شریف کے30 پارے یعنی ہر جلد میں6 پارے محفوظ کئے ہیں۔

قرآن مجید کا یہ نسخہ  کل 604 صفحات پر مشتمل ہے۔ کاٹن کے کپڑے اور دھاگے کا استعمال کرتے ہوئے ویلویٹ کپڑے میں۵ جلدوں کی انہوں نے خود بائنڈنگ کی ہے۔

 بی بی تبسم پہلے پینسل سے قرآن تحریر کرتیں پھر دونوں بہنیں ملکر اپنے گھر کے کام کاج مکمل ہوتے ہی قرآن مجید  کے  نسخہ کی کڑھائی کے کام میں لگ جاتیں، اسطرح ان دونوں بہنوں نے کپڑے  پر قرآن مجید  کا جاذب نظر نسخہ تیار کیا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ عالم دین کی رہنمائی میں  قرآن مجید کا یہ نسخہ  تیار کیا گیا ہے۔ ان دونوں بہنوں کی آرزو ہے کہ وہ اپنے اس فن کو مدینہ کی لائبریری کی زینت بنائیں، اس لئے انہوں نے سعودی حکومت سے رابطہ بھی کیا ہے۔