عمر ایوب کی پرامن احتجاج کی اپیل ، پنجاب بھر میں 3 دنوں کیلئے دفعہ 144 نافذ

عمر ایوب کی پرامن احتجاج کی اپیل ، پنجاب بھر میں 3 دنوں کیلئے دفعہ 144 نافذ

(ویب ڈیسک ) پنجاب بھر میں 3 دنوں کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جبکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 26 جولائی کوملک بھرمیں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ  تحریک تحفظ آئیں پاکستان کے لیے لوگوں کو باہر نکل کر پرامن احتجاج کرنا چاہئے ۔

تفصیلات کے مطابق  محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں جلسہ جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی لگا دی ہے۔صوبہ بھر میں 3 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ پابندی کا اطلاق جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک ہوگا۔

امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ۔پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں کیا گیا ہے۔

پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنا نے اور عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل  تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 26 جولائی کوملک بھرمیں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے  سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے بتایا تھا کہ  امن وامان کی صورتحال، عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاریوں اور مہنگائی کے خلاف احتجاج ہوگا۔

انہوں نے  دعوی کیا تھا  کہ ایم این ایز کی خرید و فروخت کے لیے آفرز ہورہی ہیں اور اراکین قومی اسمبلی پر وفاداری کی تبدیلی کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

عمر ایوب کی پریس کانفرنس: 

اڈیالہ جیل کے باہر عمر ایوب  نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  آج بانی پی ٹی آئی سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ہے ،بانی پی ٹی آئی نے اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا، 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج چوری کر لی گئیں، 16 مارچ کو بانی پی ٹی آئی کی زمان پارک سے گرفتاری کی ویڈیو غائب کر دی گئیں،18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس میں جو ہوا اس کی ویڈیو  بھی غائب کر دی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ  5 اگست کا دن کشمیر کے حوالے سے اہم ہے،  ہمارے جلسے کو منسوخ کرنے کی درخواست کو منسوخ کیا گیا ، ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو بھی کالعدم قرار دیا ، 5 اگست کو ہم اسلام آباد میں دوبارہ جلسہ کرنے جارہے ہیں ۔

عمر ایوب نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جنرل الیکشن کی تیاری کریں ، شہباز شریف اور مریم نواز حکومت ڈوب گئی،بانی پی ٹی آئی نے ہمارے ارکان کی جانب سے لگائے گئے بھوک ہڑتالی کیمپ کو سہراہا  ہے۔ تحریک تحفظ آئیں پاکستان کے لیے لوگوں کو باہر نکل کر پرامن احتجاج کرنا چاہئے ، بانی پی ٹی آئی نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان کی کارکردگی کو  بھی سہراہا ہے۔

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ

ادھر  26 جولائی کو اسلام آباد میں سیاسی جماعت کے جلسے  کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے، اسلام آباد میں کسی بھی قسم کے جلسے جلوس یا احتجاج کی اجازت نہیں ہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔

  ضلعی انتظامیہ  کا کہنا ہے کہ  قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کاروائی کی جائے گی، احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے اپیل کی ہے کہ شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے اجتناب کریں۔

Watch Live Public News