پی ٹی آئی کو راولپنڈی میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

پی ٹی آئی کو راولپنڈی میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی
اسلام آباد: ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو جلسے کی مشروط اجازت مل گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کو حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں فیض آباد راولپنڈی میں 26 نومبر کو جلسے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ 56 شرائط کے ساتھ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) راولپنڈی نے ایک دن کے جلسے کی اجازت دی ہے، 27 نومبر کو انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی آمد کے پیش نظر 26 کی رات کو جلسہ گاہ خالی کرنا ہو گا۔ نوٹفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو جان کے لاحق خطرات کی وجہ سے جلسہ گاہ میں آمد اور روانگی کے مقرر روٹس کے علاوہ نہیں ہو گی، سٹیج پر بلٹ پروف روسٹرم ہونا چاہیے اور اس کے علاوہ اسلحہ کی نمائش نہیں کی جائے گی۔ عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف تقاریر بھی نہیں ہونگی۔ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی ) راولپنڈی کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مذہبی جذبات ابھارنے اور کسی بھی گروہ کے خلاف بات نہیں کی جائے گی ، لاؤڈ سپیکر کا مخصوص وقت میں ہی استعمال کیا جائے گا اور عوام کی آمد و رفت کے دوران تلاشی ہو گی، سٹیج پر موجود مقررین کے نام اور دیگر تفصیلات کا قبل ازوقت انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔