مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی محنت وزیر خزانہ تباہ کر رہے ہیں ان کی وہ کارکردگی نہیں جس کی امید تھی۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں گیارہ ٹیکسز لگائے گئے ہیں جس کی ذمہ دار وزارت خزانہ ہے، دوست ممالک سے قرضہ نہیں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آرہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دکاندار، صنعت کار اور گھریلو صارفین سمیت آج ہر طبقہ بجلی کا بل ادا کرنے سے قاصر ہے، وزیر اعظم اس وقت سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،دس ارب ڈالر کی رقم پاکستان آرہی ہے،وزارت خزانہ لوٹ مار کو بند کرے، دن بدن عجیب ٹیکس لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک فیکٹری نے 2 لاکھ 92 ہزار کے یونٹ استعمال کیئے اور بل 7 لاکھ آرہا ہے،بجلی کے بلوں میں فیول ٹیکس انکم ٹیکس، ڈیوٹی سمیت 11 کے قریب ٹیکسز لگے ہیں، لوگ کاروبار بند کرکے بھاگ جائیں گے۔ حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ صورتحال سنگین ہے وزیر اعظم فوری طور پر فیصلہ کریں، کمیٹیاں بنی ہیں ان کی رپورٹ آنے تک تو لوگ بھوکے مرجائیں گے، اس ملک کی اکانومی لوٹ مار اور ڈکیتیوں سے نہیں چل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں سے گزارش ہے چھ ماہ سیاست چھوڑ کر سیلاب زدگان کی مدد کریں، عمران خان کو اپنے لیئے فنڈ مانگنا اچھا لگتا ہے اب سیلاب زدگان کیلئے بھی فنڈ مانگیں، مفتاح کہتے ہیں میں نے جو کیا شہباز شریف سے پوچھ کر کیا ہے،اسحاق ڈار قابل ہیں ان پر میرا بہت زیادہ اعتماد ہے، انشاء اللہ 6 ماہ بعد یہی وزیراعظم ملک کو عروج پر لے کر جائے گا۔