1 ارب روپےکا میگا کرپشن سکینڈل، میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے افسران ، ٹھیکیداروں کیخلاف مقدمہ درج

1 ارب روپےکا میگا کرپشن سکینڈل، میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے افسران ، ٹھیکیداروں کیخلاف مقدمہ درج
لاہور: اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے ایک ارب روپے کے میگا کرپشن سکینڈل میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف ایک ارب روپے سے زائد کرپشن کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے مویشی منڈیوں کے کیس میں ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کرپشن کے شواہد پر مقدمہ درج کیا۔ اینٹی کرپشن کے مطابق ایم سی ایل افسران نے ٹھیکے داروں سے مل کر 2021 میں مویشی منڈیوں پر 52 کروڑ روپے خرچ کیے اور اگلے ہی سال اخراجات میں غیر معمولی اضافہ کیا اور سال 2022 میں مویشی منڈیاں لگانے کا خرچہ ایک ارب 76 کروڑ ظاہر کیا اور بعد ازاں ایم سی ایل ملازمین نے ٹھیکے داروں سے مل کر جعلی ریکارڈ اور بل بنا کر کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کیں۔ اینٹی کرپشن لاہور نے کرپشن کے واضح شواہد پر ایم سی ایل کے ملازمین ندیم طاہر، سدرہ ظفر، قیصر حنیف فیصل ،یوسف سندھو اور محمد زبیر اور ٹھیکے داروں ملک راشد ،ملک ارشد، زوہیب، ملک تنویر ،ملک شہباز اور ذیشان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں ۔ ایک اور انکوائری میں فیصل آباد ماسٹر پلان کی منظوری میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی جس میں سابق ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی زاہد اکرام نے سابق چیرمین میاں وارث عزیز کا آلہ کار بن کر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ اینٹی کرپشن کے مطابق زرعی رقبہ کو رہائشی رقبہ ظاہر کرنے کے لئے کروڑوں روپے رشوت لی گئی۔ ڈی جی زاہد اکرام نے بہت سا رقبہ غیر قانونی طور پر براؤن سے کمرشل کیا۔ بھاری رشوت کے عوض گرین رقبہ کو براؤن بھی ظاہر کیا گیا۔ زاہد اکرام نے فرنٹ مین بلڈنگ انسپکٹر ہنی شہزاد کے زریعے لوگوں سے رشوت لیکر ماسٹر پلان میں ردوبدل کیا۔ اینٹی کرپشن فیصل آباد نے سابق ڈی جی زاہد اکرام کی گرفتاری کے لیے ملتان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں چھاپہ بھی مارا گیا۔ تاہم ڈی جی ملتان ڈیولپمنٹ اتھارٹی زاہد اکرام دفتر سے فرار ہو گئے۔ سابقہ چیرمین اور ڈائریکٹر جنرل کی ملی بھگت سے خزانہ سرکار کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ اینٹی کرپشن فیصل آباد نے بعد از انکوائری سابق چیرمین میاں وارث عزیز اور ڈی جی زاہد اکرام کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مقدمہ میں بلڈنگ انسپکٹر ہنی شہزاد اور ای ڈی عثمانی اینڈ کمپنی رافع احمد صدیقی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ محمد سدھیر چودھری ہیڈ آف اکنامک افئیرز، پاکستان Muhammad Sudhir Chaudhry Head Of Economic Affairs, Pakistan
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔