ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اور 70 پاؤنڈ وزنی خصوصی کیک کاٹا جائے گا۔
اس موقع پر ملک بھر سے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صدر زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جمہوریت کے لیے دی گئی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور وہ آئینی بالادستی و مفاہمتی سیاست کے علمبردار رہے ہیں۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری دی، خیبرپختونخوا کو شناخت دی، اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک جیسے تاریخی منصوبے کی بنیاد بھی زرداری دور میں رکھی گئی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے اپنی سیاست میں ہمیشہ برداشت، مفاہمت اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا۔ بی بی شہید کی المناک شہادت کے بعد ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ لگا کر ملک کو بچانے والے رہنما نے 11 سال قید کاٹی مگر کبھی انتقامی سیاست کا راستہ نہ اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کو ایک بار پھر اسی بردبار اور دوراندیش قیادت کی ضرورت ہے جو اقتدار کے بجائے جمہوریت کو مقدم سمجھے اور انتقام کی جگہ مفاہمت کو ترجیح دے۔