پبلک نیوز:گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن کی 28 دن کی ایکس پاکستان لیو منظور کر لی۔
تفصیلا ت کے مطابق آمنہ کامران اور خالد نون برسار ان کی غیر موجودگی میں ان کی جگہ انتظامی فرائض سر انجام دیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے اسٹاف کے نام اپنے خط میں لکھا تھاکہ سکولوں میں اقرباء پروری اور سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، بورڈ کی سطح پر جو ہو رہا ہے وہ آپ سب کو معلوم ہے۔
انہوں نے خط میں کہا تھا کہ انتہائی بری گورننس کے تسلسل کی وجہ سے میرے پاس کوئی اور چوائس نہیں بچی۔میں نے کالج کی شہرت کی حفاظت کے لئے بھرپور کوشش کی۔چند افراد کی خاطر پالیسیوں میں تباہ کن تبدیلیاں لائی گئیں۔گورنر ہاوس کے جانبدارانہ اقدامات کے باعث گورننس کا نظام تباہ ہو گیا۔سکول کے معاملات میں اتنی دراندازی کامیابی سے چلنے والے سکول کے لئے ناقابل یقین ہے۔یکم اپریل کو سکول چھوڑ رہا ہوں اور داخلوں کا حصہ نہیں بنوں گا۔
ذرائع کا یہ بھی دعوی ہے کہ پرنسپل ایچیسن کالج گورنر پنجاب کے خلاف قانون متعدد اقدامات سے ذہنی دباو میں تھے۔
یاد رہے کہ بورڈآف گورنر کے سینئر رکن سید بابر علی نے بھی استعفیٰ دیدیا تھا۔انہوں نےاپنے استعفے میں پرنسپل مائیکل اے تھامسن کو کالج کی 90 سالہ روایت کا تحفظ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔