پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی

پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی
کیپشن: پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی

ویب ڈیسک: پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے انتہائی آسان مقابلے میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے زیر کردیا ہے۔ جس کے ساتھ ہی پاکستان نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔ پاکستان نے چار سال بعد ہوم ٹیسٹ سیریز جیت لی۔ پاکستان نے 2021 میں جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز ہرائی تھی۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم 112 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ پاکستان کو جیتنے کیلئے 36 رنز کا ہدف مل گیا۔ پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلی اننگ میں انگلینڈ کی ٹیم 10 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنا سکی۔ انگلینڈ کے 5 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہونے میں ناکام رہے۔ پاکستان نے پہلی اننگ میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنر بنائے۔

سعوس شکیل نے 223 گیندوں پر 134 رنز کی اننگ کھیلی۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگ میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نعمان علی نے 42 رنز دے کر 6 جبکہ ساجد خان نے 69 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

صدرمملکت کاپیغام:

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، ٹیم اور پوری قوم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا پیغام:
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے جذبے اور ٹیم ورک نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، پوری قوم کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی پر خوش ہے، انشاءاللہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی مبارکباد:

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرا  ٹیسٹ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ 

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرکے فتح اپنے نام کی۔ ساجد خان اور نعمان علی نے شاندار باولنگ کرکے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا۔ سعود شکیل نے سنچری سکور کرکے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیم نے شاندار پرفارمنس دکھائی اور ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی۔ اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا۔ قوم کے ساتھ کھلاڑیوں کو ایسی شاندار فتح کا انتظار تھا۔ نئے کھلاڑیوں نے کارکردگی سے ٹیم میں اپنی شمولیت کو درست ثابت کیا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مبارکباد: 

شاباش…… بوائز، ٹیم گرین ویلڈن،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح پرپاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے-وزیراعلیٰ مریم نواز  نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیااورکہاکہ ساجد خان، نعمان علی سمیت دیگر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا-

وزیراعلیٰ  نے شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی-پاک انگلینڈ سیریز میں بہترین ٹیم ورک دیکھنے کو ملا -پوری قوم پاکستان کرکٹ ٹیم کی تاریخی فتح پر خوش ہے-

اسپیکرقومی اسمبلی کی کرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارکباد:

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستانی کرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ 

اپنے بیان میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 1-2 سے جیتنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ پاکستانی ٹیم نے شاندار کم بیک کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ امید ہے کہ کھلاڑی آئندہ بھی اسی طرح پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

گورنرسندھ کی مبارکباد:

گورنر سندھ نے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز جیتنے پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ قومی کوچ، کپتان، کھلاڑیوں کو گورنر سندھ نے شاباش دی ہے۔ 

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سیریز میں قومی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کے ذریعہ حریف ٹیم کو حاوی ہونے نہیں دیا۔

Watch Live Public News