ویب ڈیسک: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ملک میں کم اجرت والے عارضی طور پر مقیم غیر ملکی کارکنوں کی تعداد میں کمی کرنے جا رہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کینیڈا کے کاروبار گھریلو ملازمین اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری کریں۔
تفصیلات کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اب ’لیبر مارکیٹ‘ بدل چکی ہے۔ ہم کینیڈا میں آنے والے کم اجرت والے، عارضی غیر ملکی کارکنوں کی تعداد کو کم کر رہے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: خدیجہ شاہ کوپی ٹی آئی میں بڑاعہدہ مل گیا
یہ قدم ایک ایسے وقت پر اٹھایا گیا ہے جب کینیڈا بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نبرد آزما ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے نے ہاؤسنگ اور ہیلتھ کیئر جیسی عوامی خدمات پر دباؤ ڈالا ہے۔
وفاقی اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس کینیڈا کی آبادی میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ امیگریشن تھی۔
جسٹن ٹروڈو اور ان کی حکومت کو ملک میں خدمات اور مکانات کی تعمیر جیسی سہولیات میں اضافہ کیے بغیر امیگریشن کو فروغ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جبکہ کینیڈا میں گذشتہ دو ماہ میں بے روزگاری کی شرح 6.4 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔ جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ پورے ملک میں ایک اندازے کے مطابق 14 لاکھ لوگ بے روزگار ہیں۔