خان یونس میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں مزید 10 فلسطینی شہید

خان یونس میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں مزید 10 فلسطینی شہید
کیپشن: خان یونس میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں مزید 10 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: خان یونس میں تازہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 10 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ فضائی حملے غزہ کے کئی علاقوں میں کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے حملوں کے دوران خان یونس سمیت متعدد علاقوں میں فلسطینیوں کی رہائشی عمارات کو نشانہ بنایا، اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ خان یونس میں اسرائیلی آپریشن سے 4روز میں 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔

گزشتہ برس 7اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں کے دوران 39 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ شہید اور زخمیوں میں سے 50فیصد سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔ لاکھوں افراد گھروں سے محروم ہوچکے ہیں جنہیں خیمہ بستیوں میں زندگی بسر کرنی پڑ رہی ہے۔

اس سے قبل اسرائیل نے خیمہ بستیوں اور اقوامِ متحدہ کی پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادتوں میں اضافہ ہوا۔ اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں سے زرعی علاقے بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جس سے غذائی قلت کا خدشہ ہے۔

پاکستان اور عرب ممالک سمیت مسلم برادری اسرائیل کے غزہ پر حملوں کی مسلسل مذمت کر رہی ہے اور دنیا بھر میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں متعدد مظاہرے کیے گئے، تاہم امریکا مسلسل اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے، اور حملوں کا سلسلہ تھمنے میں نہیں آتا۔

Watch Live Public News