اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ وزی اعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر اس ماہ کے شروع میں عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بیرون ملک دورے پر جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے جس میں خاص طور پر اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے اور سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ دونوں فریقین باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات کے پابند ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں۔ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔ترجمان نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر قریبی باہمی تعاون سے مکمل ہوتے ہیں۔