ویب ڈیسک: عام طور پر ڈاکو شہریوں کو پستول دکھا کر لوٹتے ہیں مگر ایک ایسی خاتون سامنے آئی ہے جو اپنے شکار کی یادداشت مٹا کر اسے سامنے لوٹ لیتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یادداشت کو مٹا کر سیاحوں کو لوٹنے والی خاتون کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔کیرولینا میجا مونٹویا نامی خاتون کو کولمبیا کے شہر میڈیلن میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے غیر ملکی سیاحوں کو لوٹنے کے لیے ڈیولز بریتھ (شیطانی پھونک) نامی طاقتور دوا کا استعمال کیا۔ وہ اسے ”Scopalamine کی ملکہ“ کہتے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ 27 سالہ خاتون مبینہ طور پر کیمیائی مادوں کا استعمال کرتے ہوئے لوٹنے کے کم از کم آٹھ واقعات میں ملوث ہے۔ ان میں زیادہ تر غیر ملکی افراد شامل ہیں جنہیں خاتون نے اپنی دوا کے استعمال میں قابو کر کے لوٹا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ایل پوبلاڈو کے ایک پارک میں مرد سیاحوں کو نشانہ بنایا، جو میڈلین کا ایک امیر ترین علاقہ ہے جو جنسی سیاحت کے لیے جانا جاتا ہے۔
پولیس نے خاتون سے متعلق مزید انکشاف کیا کہ کیرولینا مبینہ طور پر مردوں کو شراب کے لیے ہوٹلوں اور اپارٹمنٹس میں مدعو کرتی تھی،پھر انہیں نشہ آور دوا دے کر بے ہوش کرنے کے بعد ان کا سامان چرا کر فرار ہوجاتی۔
ڈیولز بریتھ نامی دوا کولمبیا کے ایک درخت سے آتی ہے۔ یہ ایک سفید پاؤڈر ہے جسے کسی کے چہرے پر اڑایا جا سکتا ہے یا ان کے کھانے پینے میں ڈالا جا سکتا ہے۔ یہ پاؤڈر چند منٹوں میں لوگوں کو بے بس کر دیتا ہے۔ دوا کا اثر 4 گھنٹے تک رہتا ہے اور پھر یہ جسم سے نکل جاتی ہے۔ اگر اسے زیادہ مقدار میں لیا جائے تو یہ جان لیوا بھی ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ لٹیری خاتون کیرولینا پر ہر چوریسے 30,000 پاؤنڈ تک کمانے کا شبہ ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ لا مرینا نامی جرائم کے گروپ کی رہنما ہے، جو لوگوں کے مشروبات میں ملاوٹ کرکے ان سے چوری کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔