لاہور:(ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے ایک بار پھر بیان جاری کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے سابق وزیر اعظم شہباز شریف کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے مناظرے کے چیلنج سے ہٹنے سے کام نہیں چلے گا، مجھے بتائیں کہ میاں صاحب کس جگہ پر بحث کرنا چاہیں گے ؟ ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں کسی بھی مناظرے کے لیے تیار ہوں، نواز شریف سندھ کے علاقے گمبٹ خیرپور میں بھی مجھ سے مناظرہ کر سکتے ہیں، نواز شریف آکر گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز دیکھ سکتے ہیں، گمبٹ میں ایک ایسا ہسپتال ہے جو پنجاب کے کسی بھی ہسپتال کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے، تین بار وزیراعظم رہنے کے باوجود میاں صاحب نے ایک بار بھی گمبٹ کا دورہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف تھرپارکر کا موازنہ چولستان سے کر سکتے ہیں ؟ ، تھر میں کوئلے کا منصوبہ جس کی آپ اور آپ کے بھائی نے مخالفت کی، تھر منصوبہ سستی بجلی کراچی کو نہیں فیصل آباد کو فراہم کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے شہباز شریف کو جواب میں کہا کہ شاید میاں صاحب، کراچی کے NICVD میں مناظرے کو ترجیح دیں گے، جہاں گزشتہ پانچ سالوں میں پنجاب کے 84,000 سے زائد افراد کا بالکل مفت علاج کیا گیا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ہم جیسی دیکھ بھال فراہم نہیں کی جاتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا تھا کہ کل ایک صاحب نے نواز شریف کو مناظرے کی دعوت دی۔ وہ نواز شریف کو مناظرے کے بجائے سندھ کے معائنے کی دعوت دیتے تو اچھا تھا، مناظرہ بھی ہو جاتا اور موازنہ بھی