وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسانوں کیلئے انقلابی اقدامات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسانوں کیلئے انقلابی اقدامات
کیپشن: Chief Minister Punjab Maryam Nawaz Sharif's revolutionary measures for farmers

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے کسانوں کے لئے انقلابی و تاریخی اقدامات جاری ہیں۔ جس کے تحت انہوں نے پنجاب میں کھالے پکے کرنے کے پروگرام کی مںظوری دیدی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں دس ارب کے لاگت سے 1200 کھالے پکے ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں صوبہ بھر میں 7 ہزار کھالے پکے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کاشتکاروں کو 60فیصد سبسڈی پر 56 اقسام کی زرعی مشینری دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ کاشتکاروں کو 1000لیزر لیولر اگلے 6 ماہ میں دئیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی اجلاس میں منظوری دے دی۔ دوران اجلاس سیکرٹری زراعت نے ایگریکلچر سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متعدد زرعی پراجیکٹس کی اصولی منظوری دی۔ 

اجلاس میں بیج کی پیداوار 4 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 6 لاکھ ٹن تک کرنے کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے تعاون سے سویابین سیڈ کی ایک لاکھ ایکڑ ایریا پر کاشتکاری کی تجویز پر غور ہوا۔ 

مریم نواز نے کہا کہ ہائی ٹیک زرعی مشینری پر ٹیکس اور ڈیوٹی ختم کروانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ ہائی ٹیک زرعی مشنری پر 30 سے 37 فیصد ٹیکس اور ڈیوٹی ہے۔ اس کے علاوہ سموگ کنٹرول کرنے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے بچانے کیلئے رائس سٹرا شیڈر مشین پر ٹیکس ختم کروانے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطےپر اتفاق ہوا۔ میکانائزیش پلان کے تحت 3 ماہ میں دو ارب کی لاگت سے زرعی مشینری خریدی جائے گی،مشینری کاشتکاروں کو سبسڈی پر دی جائے گی۔ 

2 سالہ میکانائزیش پلان کے تحت 23 ہزار زرعی آلات اور 2280 لیزر لینڈ لیولنگ 13.4 ارب روپے کی لاگت سے سبسڈی پر کاشتکاروں کو دیے جائیں گے۔ پہلے فیز میں دو سال میں 10 ارب روپے کی لاگت سے 1200 واٹر کورس پختہ کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

مریم نواز شریف نے آئندہ 5 سالوں میں تمام کھالوں کو پختہ کرنے کا حکم دیدیا۔ اس کے علاوہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کی  اصولی منظوری دے دی۔ 

بتایا گیا ہے کہ 25 ایکڑ زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو دو سال میں سولر سسٹم مہیا کئے جائیں گے۔ مینوئل بوائی کی وجہ سے 12 فیصد گندم کی پیداوار اور 18 فیصد چاول کی پیداوار کم ہوتی ہے۔ پاکستان کی 29 ملین ٹن گندم کی ضرورت ہے، 26 ملین ٹن  پنجاب پیدا کرتا ہے۔ 

پاکستان میں مختلف فصلوں کی کاشتکاری کیلئے سالانہ 1.75 ملین ٹن بیج کی ضرورت ہے، سالانہ 50 ارب کا بیج درآمد کیا جاتا ہے۔ 

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صبح سویرے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس ایل تھری پراجیکٹ کی جلد تکمیل کا حکم دیدیا۔

انہوں نے رنگ روڈ ایس ایل فور کی تعمیر کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ ایس ایل 4 مراکہ سے شرقپور انٹرچینج ایم تھری بنایا جائیگا۔ 

وزیراعلی مریم نواز شریف نے اڈہ پلاٹ سے مراکہ ملتان روڈ تک پور ے رنگ روڈ  کا دورہ بھی کیا۔ 

وزیراعلی مریم نواز شریف نے ملتان روڈ پر لاہور رنگ روڈ  انٹرچینج پر مقامی پودے لگانے کی ہدایت کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری سے عوام کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب سے آنے والی ٹریفک شہر  سے گزرے بغیر منزل پر پہنچ سکے گی۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی دونوں اطراف 8,8کلومیٹر طویل ہیں۔ 

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر