کراچی ( پبلک نیوز) شہدائے کربلا کا چہلم آج پاکستان بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ، سکیورٹی کے سخت انتظامات ، لاہور اور کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی، کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا ۔ تفصیلات کے مطابق نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؑ اورشہدا کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام منایا جا رہا ہے، معصومین کی یاد میں ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام ہو گا،چہلم کے جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں کنٹینرز لگا کر جلوس کے مرکزی راستوں اور دکانوں کو سیل کردیا گیا ، جبکہ صوبائی انتظامیہ کی طرف سے کراچی اور لاہور میں ایک دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا، جس کی گزرگاہوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، چہلم کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہو گی، جہاں پر مشہور ذاکرین شہدا کربلا کی قربانیوں اور ایثار کا ذکر کریں گے، ڈی جی رینجرز بھی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیں گے اور جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔