فرح خان کیخلاف انکوائری نیب کے دائرہ اختیار میں آتی ہے ترجمان

فرح خان کیخلاف انکوائری نیب کے دائرہ اختیار میں آتی ہے ترجمان
نیب ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فرح خان کیخلاف انکوائری کا عمل واضح طور پر نیب کے دائرہ کار میں آتا ہے. نیب ترجمان کا کہنا تھا کہ فرح خان کیخلاف انکوائری کا عمل واضح طور پر نیب کے دائرہ کار میں آتا ہے، عمران خان کا بظاہر انکوائری سے کوئی تعلق نہیں،انہیں نیا ہدف بنانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا. نیب نے من گھڑت خبر پر صحافی انصار عباسی کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے. واضح رہے کہ نجی ٹی وی سے وابستہ صحافی انصار عباسی نے اپنی ایک خبر میں نیب پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو ہدف بنانے کا الزام لگایا ہے.ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے فرح خان کا کیس اٹھانا ایک سوچی سمجھی چال ہے کیونکہ وہ سابق خاتون اول بشریٰ خان سے قریبی تعلق رکھتی ہیں۔ فرح خان کیخلاف انکوائری عمران خان اور ان کی اہلیہ کیلئے پریشان کن ثابت ہو سکتی ہے لیکن اس سے وزیراعظم شہباز شریف، شریف فیملی، زرداری فیملی اور حکومت میں شامل دیگر رہنما خوش ہوں گے۔ انصار عباسی کا کہنا تھا کہ پریس ریلیز سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ یہ خالصتاً ٹیکس سے جڑا معاملہ ہے جسے ایف بی آر کو دیکھنا چاہئے لیکن نیب کی اس معاملے میں بر وقت مداخلت کو نئے حکمرانوں کے حق میں ’’تبدیلی کی ہوائوں‘‘ کا چل پڑنا سمجھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے فرح خان کیخلاف انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے انکوائری کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ فرح خان کے کیس کے متعلق ڈی جی نیب لاہور کو قانون کے مطابق انکوائری کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ نیب سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کیخلاف آمدن سے زاہد اثاثہ جات کی انکوائری کرے گا۔ فرح‌ خان کا موقف اس حوالے سے فرح خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’ نہ ہی ہم نیب انکوائری سے چھپیں گے اور نہ ہی تحقیقات سے بچنے کی کوشش کریں گے بلکہ میں خود ذاتی طور پر نیب کے سامنے پیش ہوں گے اور میری قانونی ٹیم بھی نیب انکوائری کا سامنا کرے گی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق فرح خان کے اکاؤنٹ میں گزشتہ 3 سال میں 847 ملین روپے ملے ہیں اور ان پر مختلف کاروبار کے نام پر بہت سے بینک اکاؤنٹس رکھنے کا بھی الزام ہے جب کہ اتنی رقم فرح خان کے پروفائل کے مطابق نہیں ہے۔ نیب کی جانب سے کہا گیا کہ فرح خان کے انکم ٹیکس ریٹرنز میں ان کے اثاثے 2018 سے غیر معمولی طور پر بڑھے جب کہ انہوں نے درجنوں غیر ملکی دورے بھی کیے۔ واضح رہے کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان رواں ماہ کے آغاز میں دبئی روانہ ہوگئی تھیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔