’عوام سے مل کر نااہل اور سلیکٹڈ کا مقابلہ کریں گے‘

’عوام سے مل کر نااہل اور سلیکٹڈ کا مقابلہ کریں گے‘
خیرپور  ( پبلک نیوز پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ  مل کر نا اہل اور سلیکٹڈ کا مقابلہ کریں گے۔ ملک تباہ ہو رہا ہے۔ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ خیرپور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوکریاں، روزگار دینے والے نے سب کچھ چھین لیا ہے۔ جیالے تیار ہوجائیں پاکستان کو ایک با ر پھر جیالوں کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت سلیکٹڈ ، نااہل اور نالائق ہے۔ موجودہ حکومت عوام سے ان کے حقوق چھیننا چاہتی ہے۔ حکومت نے عوام دشمن پالیسیوں سے عوام کو تکلیف پہنچائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری، غربت اور مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ عمران خان اپنی تباہی کے تین سال کا جشن منا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ہر صوبے کے حق پر ڈاکا مارا ہے۔ اگر ایک صوبے کےساتھ ناانصافی ہوتو وہ پورے پاکستان سے ناانصافی ہے۔ ہم سب کو مل کر پاکستان کوبچانا ہے۔ مل کر شہید بھٹو کے خواب کو پورا کریں گے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرکے لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسٹیل ملز کے 10ہزار خاندانوں کو بے روزگار کردیا۔ حکومت اپنی تباہی کے 3 سال کا جشن منا رہی ہے۔ عمران خان بتائیں وہ عوام کو روزگار دلوانے کیلئے کیا کر رہے ہیں۔ بتایا جائے وزیراعظم عمران خان نے کتنے گھر بنائے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ یہ گھر بنانے کے بجائے غریبوں سے چھت چھین رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج ہر صوبے میں ناانصافیاں ہورہی ہیں۔ آج ہر صوبے کے نوجوان روزگار کیلئے رو رہے ہیں۔ سندھ کے نوجوانوں کے مستقبل کیساتھ کھیلا جارہا ہے۔ پیپلزپارٹی عوام کو حقوق دلوائے گی۔ سندھ کے پانی کے حق پر بھی ڈاکا ماراجارہا ہے۔ ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے۔ پانی کی تقسیم منصفانہ طریقے سے کی جائے۔ جیالوں کو اپنے حقوق چھیننا آتا ہے۔ سندھ کے گیس پیدا کرنےو الے علاقوں کو گیس فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے دوستوں پر بھروسہ کیا لیکن انہوں نے دھوکا کیا۔ پیپلزپارٹی اور پیپلزپارٹی کے جیالے ہی کافی ہیں۔ اپنی سیاست کریں گے، تمام غیرجمہوری قوتوں کو بھگائیں گے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔