'پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنیوالوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی'

'پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنیوالوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی'
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پاک آرمی کو خراج تحسین، شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے شہدا صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان کو شجاعت و بہادری پر سلام پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ضلع کرم میں شہید ہونے والے جوانوں کے ورثاء سے اظہار افسوس کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں کو ضلع کرم میں ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، شہید ہونے والے جوانوں نے قوم کے لئے اپنی جان دی، ان کی قربانی فراموش نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے انتہا قربانیاں دی ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔