ویب ڈیسک: بھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی تقریبات شروع ہونے جارہی ہیں جس میں مہمانوں کی ایک نہیں بلکہ ڈھائی ہزار کھانوں سے تواضع کی جائے گی۔
ایشیا کے امیرترین شخص اور بھارتی ارب پتی مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کے بیاہ کی تین روزہ تقریبات میں مہمانوں کو 2500 طرح کے کھانے پیش کیے جائیں گے۔ کوئی ایک بھی کھانا دوبارہ نہیں دیا جائے گا۔
بھارتی بزنس مین مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی شادی سے قبل منعقد ہونے والی تین روزہ تقریبات میں شریک مہمانوں کے لیے ایک شاندار کھانے کا مینیو تیار کیا گیا ہے جس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
مہمانوں کے لیے ناشتے میں 70 سے زیادہ قسم کے کھانے شامل ہوں گے،دوپہر کے کھانے کے لیے 225، رات کے کھانے کے لیے 275 اور مڈ نائٹ مینیو میں 85 سے زیادہ خصوصی ڈشز ہوں گی۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق شادی کی تقریبات کے لیے 25 سے زیادہ باورچیوں کی ایک خصوصی ٹیم اندور سے جام نگر جائے گی۔
واضح رہے کہ یکم سے 3 مارچ تک گجرات کے شہر جام نگر میں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے سلسلے میں شاندار تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں نامور شخصیات شریک ہوں گی۔