تمام تر تنازعات کے باوجود منور فاروقی بگ باس 17 کے فاتح

تمام تر تنازعات کے باوجود منور فاروقی بگ باس 17 کے فاتح
سورس: Web desk

ویب ڈسک : منور فاروقی ریئلٹی شو بگ باس 17 جیت گئے ہیں۔ اتوار کو رات دیر گئے، بگ باس کے میزبان سلمان خان نے منور فاروقی کے فاتح ہونے کا اعلان کیا۔ شو جیتنے پر منور کو گاڑی، 50 لاکھ روپے اور ٹرافی انعام میں ملی اور  ابھیشیک کمار شو میں دوسرے نمبر پر رہے۔

تفصیلات کے مطابق 28 جنوری کا دن کامیڈین، گلوکار اور مصنف منور فاروقی کے لیے بہت اہم رہا  ان کو جیت کی بھی خوش خبری ملی اور یہ دن   ان کی سالگرہ کا دن بھی ہے۔

منور فاروقی تین ماہ سے زائد عرصے تک بگ باس میں رہے۔ تین ماہ جاری رہنے والے اس شو میں منور نے کبھی شائقین کو ہنسایا تو کبھی رلایا۔

خیال رہے کہ بگ باس جیتنے سے قبل منور مئی 2022 میں بھی ایک ریئلٹی شو ’لاک اپ‘ جیت چکے ہیں۔ اس شو کی میزبان اداکارہ کنگنا رناوت تھیں۔

لاک اپ شو میں انٹری کے بعد منور فاروقی مسلسل سرخیوں میں رہے تھی  ۔ کبھی اپنی ماں کی کہانی سنا کر اور کبھی اپنے بچپن کے جنسی استحصال کی کہانی سنا کر۔

منور فاروقی 1992 میں جوناگڑھ، گجرات میں پیدا ہوئے۔ منور نے کئی بار کہا ہے کہ ان کا گھر ان گھروں میں شامل تھا جو سنہ 2002 کے گجرات فسادات میں تباہ کر دیے گئے تھے۔

سنہ 2002 کے فسادات کے بعد منور اپنے خاندان کے ساتھ ممبئی کے علاقے ڈونگری آ گئے۔

یہ وہی ڈونگری ہے جہاں داؤد ابراہیم کا بھی گھر تھا اور منور بھی اپنی کئی ویڈیوز میں اس معاملے میں لوگوں کے سوالات اور مشکوک نگاہوں کا مذاق اڑاتے نظر آتے رہے تھے ۔

نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے منور فاروقی نے کہا کہ وہ بچپن میں برتن بیچتے تھے اور گرافک آرٹسٹ کا کام کرتے تھے۔

 منور کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہیں۔ یوٹیوب پر منور کی پہلی ویڈیو سال 2020 میں اپ لوڈ ہوئی۔ تب سے، منور کئی جگہ سٹینڈ اپ کامیڈی کرتے آئے ہیں۔

یاد رہے کہ ان پر الزام تھا کہ انھوں نے مزاحیہ ویڈیوز میں ہندو دیوتاؤں اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے بارے میں مبینہ طور پر نامناسب تبصرے کیے تھے۔ یکم جنوری 2021 کو اندور پولیس نے اس الزام کی وجہ سے منور سمیت چار لوگوں کو گرفتار کرلیا۔

ان کو تقریباً ایک ماہ تک جیل میں رہنا پڑا۔ دریں اثنا، مدھیہ پردیش ہائیکورٹ کے اندور بنچ نے منور کی ضمانت کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کردی کہ ’ایسے لوگوں کو چھوڑنا نہیں جانا چاہیے۔‘

بالآخر، منور کو فروری 2021 میں انڈین سپریم کورٹ سے ضمانت مل گئی۔