پاکستانی اداکارہ رمشا خان ان کے شوبز چھوڑ دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ رمشا خان نے میزبان کے سوال کے جواب میں مستقبل میں صف اول کی اداکارہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس انٹرویو کے دوران اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر شادی ہوگئی تو وہ ڈرامہ انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلیں گی۔ اس انٹرویو کلپ کے وائرل ہونے کے بعد رمشا خان کے شوبز چھوڑ دینے کی خبریں اور تبصرے سوشل میڈیا پر وائرل ہو ر ہے تھے تاہم اب رمشا خان نے ان افواہوں کی تردید کردی ہے۔ ان افواہوں پر ردعمل کے اظہار کے لیے اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی گئی جس میں درج تھا کہ ’ میں شوبز نہیں چھوڑ رہی ہوں لہٰذا اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی کسی بھی افواہ پر یقین نہ کیا جائے ‘۔