ویب ڈیسک:(شکیل خان) الیکشن کمشنر پی سی بی شاہ خاورنےپی سی بی بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس 6 فروری کو طلب کر لیا۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعلی محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں ہوگی۔ بورڈ آف گورنز کی میٹنگ کے لئےتمام ممبران کو نوٹس پی سی بی 2014 کے آئین کے تحت جاری کردیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں تمام ممبران کی ذاتی حیثیت میں شرکت ضروری ہے۔ قائم مقام چیئرمین پی سی بی شاہ خاور نے 27 فروری کو بی او جی کی تشکیل دی تھی۔ بی اوجی میں آزاد جموں کشمیر،ڈیرہ مراد جمالی، لاڑکانہ اور بہاولپور ریجن کے صدور شامل ہیں جبکہ ڈیپارٹمنٹ سے ایس این جی پی ایل، پی ٹی وی، غنی گلاس اور اسٹیٹ بینک کو شامل کیا گیاہے۔
گورننگ بورڈ میں محسن نقوی اور مصطفے رمدے پیٹرن کے نامزدکر دہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ محسن نقوی اس وقت نگران وزیر اعلی پنجاب کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔