دبئی میں بلی کی جان بچانے والوں کیلئے راشد المختوم کا انعام

دبئی میں بلی کی جان بچانے والوں کیلئے راشد المختوم کا انعام
دبئی ( ویب ڈیسک ) بلند عمارت کی دوسری منزل پر پھنسی بلی کی چار افراد نے مل کر جان بچالی ، ان چار افراد میں ایک پاکستانی شہری بھی شامل ہے اور ان افراد کیلئے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم نے 90 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ یعنی ہر ایک شخص کے حصے میں تقریباً 22 لاکھ روپے انعام آئے گا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر دبئی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ایک بلند عمارت کی دوسری منزل کے ٹیرس پر ایک بلی اس طرح پھنسی نظر آئی کہ وہ کسی بھی وقت زمین پر گر سکتی تھی مگر نیچے کھڑے چار افراد نے ذہن لگایا اور ایک چادر کے کونوں کو پکڑ لیا اور جب بلی نیچے گری تو اس کی جان بچ گئی۔ https://twitter.com/HHShkMohd/status/1430229698706034695 دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم نے اس ویڈیو کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے اس خوبصورت جذبے کی تعریف کی اور لکھا کہ ”ہمارے خوبصورت شہر میں رحم دلی کی ایسی مثال دیکھ کر فخر اور خوشی ہوئی۔جو بھی ان پوشیدہ ہیروز کو پہچانتا ہے ، براہ کرم ان کا شکریہ ادا کرنے میں ہماری مدد کریں“۔ اس ٹویٹ کے بعد جلد ہی وہ چاروں لوگ منظر عام پر آگئے جن میں سے فخریہ طور پر ایک پاکستانی شہری بھی تھا ، دبئی کے شیخ کی طرف سے ان کیلئے 90 لاکھ پاکستانی روپے کا انعام رکھا گیا جس کے مطابق ہر ایک شخص کے حصے میں تقریبا 22 لاکھ روپے آئے ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی عاطف محمود نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایک عمارت کی دوسری منزل پر پھنسی ہوئی ایک بلی دیکھی تو میں نے سوچا کہ اگر میں آج آفس نہ بھی جا سکا تو کوئی بات نہیں مگر میں اس بلی کو ضروری بچائوں گا۔ میں نے ایک قریب کھڑے شخص جو انڈین تھا اور جس کا نام ناصر تھا سے درخواست کی کیا آپ اس بلی کو اتارنے میں میری مدد کریں گے ، سامنے دکان میں ایک بھارتی مالواڑی تھا وہ بھی آیا ، ہم نے اس سے بیڈ شیٹ منگوائی جب بلی نے دیکھا کہ یہ لوگ میری مدد کو کھڑے ہیں تو اس نے بھی نیچے چھلانگ لگا دی۔