بانی پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

بانی پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

(ویب ڈیسک )بانی  پاکستان  تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان  نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری کو چیلنج کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  بانی  پاکستان  تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ   سائفر کیس میں عدالت کا 26جنوری کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، سرکاری وکلا کی تقرری کے بعد کی گئی کارروائی کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ  شاہ محمود کا حقِ دفاع ختم کردیا گیا تھا۔

کیس میں مزید 11 گواہان کے بیانات پر جرح مکمل  کی گئی یوں   سائفر کیس میں مجموعی طور پر تمام 25 گواہان پر جرح کا عمل مکمل ہو گیا۔ گواہان پر جرح کے بعد ملزمان کے 342 کے بیانات ریکارڈ کرنے کیلئے سوالنامے تیار کرلیے گئے۔

اس سے قبل   سماعت کے دوران سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  غصہ میں آگئے، شور شرابہ شروع کردیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے معزز جج کو کارروائی کچھ دیر کیلئے موخر کرنا پڑی۔

خیال رہے کہ گزشتہ  سماعت پر  عدالت کے احکامات پر عمران خان اور شاہ محمود کو سرکار کی طرف سے دیئے گئے وکلا عدالت میں پیش ہوئے جس پر دونوں نے سرکار کی طرف سے دیے گئے وکلا صفائی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

 بانی پی ٹی آئی عمران خان اور خصوصی عدالت کے جج کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی اور سابق وزیر خارجہ  شاہ محمود نے سرکار کی طرف سے دیئے گئے وکیل صفائی کی کیس فائل ہوا میں اچھال دی تھی۔

عمران خان نے  معزز جج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ  ہ جن وکلا پر ہمیں اعتماد ہی نہیں وہ کیا ہماری نمائندگی کریں گے، جج صاحب یہ کیا مذاق چل رہا ہے ؟ میں تین ماہ سےکہہ رہا ہوں کہ سماعت سے پہلے مجھے وکلا سے ملنے کی اجازت دی جائے، بارہا درخواست کے باوجود وکلا سے مشاورت نہیں کرنے دی جاتی، مشاورت نہیں کرنے دی جائے گی تو کیس کیسے چلے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر بانی پی ٹی آئی کی آج کی دائر درخواست غیر موثر ہوگئی ، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت سے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سزا  سنا دی گئی ۔ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے سرکاری ڈیفنس کونسل مقرر کرنے کا عمل چیلنج کر رکھا تھا۔