ویب ڈیسک: راولپنڈی کے لیاقت باغ میں مہنگائی اور مہنگے بجلی بلوں کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے، حکومت سے مذاکرات کا اگلا دور آج ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کے باوجود شرکاء مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان بھی میں پنڈال پہنچ گئے ہیں،کارکنان بھی مطالبات پورے ہونے تک امیر جماعت اسلامی کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔گزشتہ روز حکومتی وفد سے مذاکرات کا دوسرا دور شروع نہیں ہوسکا تھا۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کہ ایک طرف حکومت مذاکرات کی بات کررہی ہے، دوسری طرف راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، پنجاب حکومت فسطائیت سے باز نہیں آرہی۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ بجلی کے بل بم بن کر گررہے ہیں، اگست میں تباہی کے بل آئیں گے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ ہمارے نوجوان اس ملک سے مایوس ہوں، گورنر ہاؤس کراچی میں بدھ سے دھرنا شروع ہوگا۔