”یہ ہے پاکستان کی اشرافیہ کا اصل چہرہ“

”یہ ہے پاکستان کی اشرافیہ کا اصل چہرہ“

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر ہاوسنگ طارق بشیر چیمیہ ایک ویڈیو کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے گھر میں کئی خواتین کو مبینہ طور پر کورونا ویکسین دی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے ویکسین لگوانے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کیا، ویڈیو میں اداکارہ عفت عمر سمیت دیگر کئی افراد کو دیکھا جاسکتا ہے۔

‏معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے نجی ٹی وی کے اینکر اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر طارق چیمہ صاحب کی پوری فیملی کو اُن کے گھر پر مکمل پروٹوکول کے ساتھ کورونا ویکسین لگوائی گئی۔ یہ ہے پاکستان کی اشرافیہ کا اصل چہرہ۔ ان کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے ہو، یہ کسی بھی اہم ادارے سے ہوں، پاکستان کے عام آدمی کو یہ پاؤں کی جوتی کی نوک پر رکھتے ہیں، انہیں اپنی شان و شوکت، پروٹوکول اور مقاصد عزیز ہیں۔ عام پاکستانی اور اُس کے بچوں کی زندگیاں اِن کے لیے مذاق ہیں۔دوسری جانب طارق بشیر چیمہ نے ان الزمات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے ان کے گھر ٹرائل ویکسین کا بوسٹر لگانے آئی تھی۔ میڈیا میں معاملے کی غلط رپورٹنگ کی گئی۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ یہ ویڈیو وفاقی وزیر کی بیٹی کے انسٹاگرام اکاونٹ کی ہے جس میں یہ لکھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے کہ میں نے کووڈ -19 کی ویکسین لگوا لی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے اس معاملے پر اداکارہ عفت عمر پر تنقید کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عفت نے شرمناک حرکت کی ہے، ویسے ان کے نہ کوئی اخلاقیات ہیں نہ ہی کوئی شرم حیا ہے انکو۔ باتیں ان کی سنو تو لگتا ہے اس بڑا کوئی قانون پسند نہیں اور کرتوت انکے اس قدر اخلاق سے گرے ہوئے۔

مزید براں برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے ڈائریکٹر میڈیا محمد عاطف نے کہا ہے کہ ٹرائلز کے دوران کسی کے گھر جا کر ویکسین نہیں لگائی گئی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد بعد سے پاکستان میں سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔