ملک میں گھی، آئل، چینی اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کی شرح کم

ملک میں گھی، آئل، چینی اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کی شرح کم
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی منڈیوں میں بلند ترین قیمتوں کے باوجود ملک میں گھی، آئل ، چینی اور گندم کی قیمتوں میں اضافہ کی شرح نسبتاً کم ہے جبکہ عالمی مارکیٹ کے برعکس پاکستان میں چینی کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں سال فروری میں عالمی منڈیوں میں گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں چینی کی قیمت میں 8 اعشاریہ 3 فیصد، پام آئل کی قیمت میں 49 اعشاریہ 2 فیصد، سویابین آئل کی قیمت میں 42 اعشاریہ 4 فیصد، گندم کی قیمت میں 34 اعشاریہ 9 فیصد اور خام تیل کی قیمت میں 54 اعشاریہ 5 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے برعکس پاکستان میں رواں سال فروری کے دوران چینی کی قیمت میں گذشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گذشتہ سال فروری میں پاکستان میں فی کلو گرام چینی کی قیمت 93 روپے تھی جو رواں سال فروری میں 89 اعشاریہ 3 روپے ریکارڈ کی گئی۔ 5 کلو ڈالڈا آئل کی قیمت میں 42 اعشاریہ 6 فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی۔ گذشتہ سال فروری میں 5 کلو ڈالڈا آئل کی قیمت 1479 اعشاریہ ایک روپے تھی جو رواں سال فروری میں 2109 اعشاریہ ایک روپے ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کیلئے 90 فیصد سے زیادہ درآمدی سویا بین اور پام آئل پر انحصار کر رہا ہے۔ بناسپتی گھی کی قیمت میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر 39 اعشاریہ 4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 20 کلوگرام آٹے کی قیمت میں رواں سال فروری کے دوران گذشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 22.1 فیصد کا اضافہ ہوا۔ عالمی منڈی میں اضافہ کی شرح 34 اعشاریہ 9 فیصد ہے۔ اسی طرح خام آئل کی قیمت میں پاکستان میں رواں سال فروری کے دوران گذشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 29 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ کی شرح 54 اعشاریہ 5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکومت پاکستان نے پیٹرول اور ڈیزل پر حال ہی میں 10،10 روپے فی لیٹر اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ خصوصی سبسڈی کا اعلان بھی کیا ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔