ویب ڈیسک: امیربالاج قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم طیفی بٹ اور گوگی بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آرگنائزڈکرائم عمران کشور نے کہا ہے کہ طیفی بٹ کی گرفتاری کے لیے آئندہ چند روز میں ٹیم بیرون ملک جائے گی۔ گوگی بٹ پاکستان میں روپوش ہے۔ دونوں نامزد ملزمان تفتیش کے بعد بذریعہ عدالت اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دبئی پولیس نے طیفی بٹ کی گرفتاری کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ گرفتار نہ ہونے پر دونوں نامزد ملزمان کی لاہور میں موجود جائیداد قرقی کے احکامات بھی حاصل کیے جائیں گے۔
دوسری طرف جوڈیشل مجسٹریٹ ثروت بتول نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ایک ملزم سہیل محمود کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔
ملزم سہیل محمود ملک کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت پیش کیا گیا تھا ۔ پولیس نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی پولیس کا موقف تھا کہ 9 روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔
تاہمجوڈیشل مجسٹریٹ ثروت بتول نے پولیس کی استدعا کو مسترد کردیا اور ملزم سہیل محمود کو جیل بھیجنے کا حکم جار ی کردیا۔