ن لیگ نے ملکی معیشت کو مضبوط کیا، دہشت گردی پر قابو پایا،اسحاق ڈار

ن لیگ نے ملکی معیشت کو مضبوط کیا، دہشت گردی پر قابو پایا،اسحاق ڈار
لندن : لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملکی معیشت کو مضبوط کیا، 5 سالہ دور میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، دہشت گردی پر قابو پایا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی کے حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، 2013ء میں دہشتگردی عروج پر تھی، ہم نے ضرب عضب اور ردالفساد میں پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشتگردی پر قابو پایا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سی پیک چائنہ کی طرف سے نواز شریف کو تحفہ دیا گیا، نواز شریف کا ٹارگٹ ملک کی معیشت کو مضبوط کرنا تھا، ہماری کوشش ہے قوم میاں نواز شریف کو بھاری اکثریت میں ووٹ ڈالے، ہماری اکثریت ہو گی تو ہم مشکل فیصلہ کر سکیں گے۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ 2018ء میں مسلم لیگ ن حکومت بنا سکتی تھی، نواز شریف نے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو عزت دی، نواز نے پہلے بھی اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑا تھا اور آج بھی ان کا اللہ پر یقین ہے، ملک کو تباہ کرنے والوں سے انتقام اللہ لے گا۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے افراد بہت کم عرصہ میں بے نقاب ہوگئے ہیں، نواز شریف کی تمام توانائیاں ملک کی بہتری کے لیے ہوں گی، انہوں نے کہا کہ میرے خلاف نیب کے بے بنیاد مقدمات بنائے گئے جن کی کوئی اہمیت نہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔