چینی سفیر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، علاقائی سلامتی سمیت دیگر امور پر بات چیت

چینی سفیر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، علاقائی سلامتی سمیت دیگر امور پر بات چیت
کیپشن: چینی سفیر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، علاقائی سلامتی سمیت دیگر امور پر بات چیت

ویب ڈیسک: ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چینی سفیر جناب جیانگ زیڈونگ نے   سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں بین الاقوامی تزویراتی صورتحال اور علاقائی سلامتی سمیت مشترکہ اہمیت کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ 

ترجمان نے بتایا ہے کہ معززین نے تمام تر شعبوں میں آپریشنل تربیت کے لیے موجودہ فریم ورک کی تشکیلِ نو پر گفتگو کی ہے۔ ملاقات میں جدید سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر  میں عسکری تیاریوں اور باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ ایئر چیف کی جانب سے پاک فضائیہ کو 'نیکسٹ جنریشن ایئر فورس' بنانے کے اپنے وژن کا ذکرکیا گیا۔ ایئر چیف کے وژن میں پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے خود انحصاری کے فروغ، نیش ٹیکنالوجیز کے حصول اور تربیتی شعبے کی اصلاح کے منصوبے شامل ہیں۔ 

سربراہ پاک فضائیہ نے چین کے ساتھ انسانی وسائل، تکنیکی شعبے اور ہوا بازی کی صنعت میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ 

ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ پاک، چین تعاون سے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مل کر نمٹا جا سکے گا۔ پاکستان، چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی و دفاعی تعلقات اور آزمائش کی ہر گھڑی میں پاک-چین  بے مثال دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاک چین تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ 

ترجمان نے بتایا کہ چینی سفیر کی علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ چینی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں طاقت کے توازن کو یقینی بنانے کا پاک فضائیہ کی قیادت کا عزم اور اس مقصد کے لیئے اسکی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق معززین نے سائبر، اسپیس اور الیکٹرانک وارفیئر جیسے شعبوں میں جدید ترین نیش ٹیکنالوجیز کی شمولیت پر بھی گفتگو کی۔ ملاقات میں پاک-چین فضائی افواج کے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ معززین نے مشترکہ اور کثیرالملکی آپریشنل فضائی مشقوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آپریشنل فضائی مشقوں سے خطے میں نئے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط جوابی کارروائیوں کو مستحکم کیا جا سکے گا۔ ملاقات دونوں ممالک کے باہمی اتفاق رائے اور فوجی تعاون کے ذریعے تزویراتی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔