کسی نے وزیراعظم سے استعفیٰ مانگا، نہ وہ دینگے: فواد چودھری

کسی نے وزیراعظم سے استعفیٰ مانگا، نہ وہ دینگے: فواد چودھری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی گذشتہ روز دو مرتبہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو کسی نے وزیراعظم سے استعفیٰ مانگا اور نہ ہی وہ دیں گے۔ بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی غیر ملکی دھمکی آمیز خط پیش کیا گیا تھا۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صحافیوں کو اس خط کے مندرجات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جس قسم کا پلان، دھمکیاں اور زبان اس خط میں استعمال کی گئی ہے، وہ ایک خود مختار ملک ہونے کی حیثیت سے ناقابل قبول ہے۔ ہم اس خط کی تفصیل کسی کو نہیں بتا سکتے۔ ہم اسے ایوان میں لے کر جا رہے ہیں جبکہ عدالت عظمیٰ میں بھی اس خط کو پیش کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کی عزت، خود مختاری اور حرمت کیلئے وزیراعظم عمران خان آخری دم تک لڑیں گے۔ یہ کھیل آخری گیند تک جائے گا۔ جب کھیل کا پانسہ پلٹے گا تو سب دیکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی واضح لائن اور پالیسی ہے کہ پاک فوج قومی سلامتی اور ملک کے استحکام کی ضامن ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔