پاکستان نے یوکرین کی درخواست پر امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کر دی ہے۔ ایک سی 130 طیارہ 7 اعشاریہ 5 ٹن سے زیادہ امدادی اشیا لے کر روانہ ہوا جبکہ مزید امدادی سامان 3 جون کو روانہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق یوکرین کی درخواست پر حکومت پاکستان یوکرین کے لوگوں کے لیے انسانی امداد بھیج رہی ہے۔ اس انسانی امداد میں ہنگامی ادویات، الیکٹرو میڈیکل آلات، موسم سرما کے بستر اور کھانے کی اشیا شامل ہیں۔ اے پی پی نیوز کے مطابق ایک خصوصی سی 130 طیارہ یوکرین کے لوگوں کے لیے 7 اعشاریہ 5 ٹن سے زیادہ انسانی امداد کی اشیا پہنچانے کے لیے روانہ ہو گیا ہے جبکہ ایک اور سی طیارہ 3 جون کو مزید امداد کے ساتھ روانہ کیا جائے گا۔ حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر تنازعات و آفات کے دوران امداد کی بین الاقوامی اپیلوں کا جواب دینے کے لیے بین الاقوامی برادری کے شانہ بشانہ کام کیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں 15 ٹن سے زائد کی پہلی کھیپ نور خان بیس سے 2 خصوصی سی۔ 130طیاروں کے ذریعے بھیجی گئی تھی۔