ویب ڈیسک: شیخ رشید نے کہا بہت پہلے کہا تھا ن میں سے ش نکلے گی، نواز شریف کی سیاست کی جگہ اب شہباز شریف نے لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ 9 مئی کے تین مقدمات کی تین تین نقول ہمیں فراہم کردی گئی ہیں، ہمارے خلاف 9 مئی کے 17 کیس چل رہے ہیں، 11 کیس دہشتگردی عدالت میں ہیں وہاں آئندہ سماعت پر بھی پیش ہوں گے، ہمارے تمام کیس ٹرائل ہوں ہم رہائی کی بھیک نہیں مانگتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جنہوں نے چلانی ہے انہوں نے چلانی ہے، ہماری خاموشی رنگ لائے گی، ہم چاہتے ہیں غریب کا چولہا جلے، کیوں کہ غریب کی حالت بہت خراب ہے، ہم دیانتداری سے یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو آگے جانا چاہیئے اور لوگوں کو معافی ملنی چاہیے۔
جیلیں بھری ہوئی ہیں جو بے گناہ لوگ ہیں ان کو خدا کے لیے آزادی دیں، 27 رمضان کو ہمارے مقتدر حلقے ایک بڑی عام معافی دیں تاکہ غریب کی مائیں جو گھروں میں رو رہی ہیں ان کو سکون ملے اور ان کے بچے واپس آجائیں۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بہت پہلے کہا تھا ن میں سے ش نکلے گی، نواز شریف کی سیاست کی جگہ اب شہباز شریف نے لی ہے، جو میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ شہباز شریف کی سیاست چلے گی نواز شریف کی نہیں۔
قبل ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ابھی سیاست نہیں کر رہا، رمضان کے بعد دیکھیں گے، فی الحال میں کسی سیاسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوں، حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کروں گا۔