اسلام آباد: ( پبلک نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچائو کے لئے گھر گھر جا کر ویکسین لگانے کیلئے مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اسلام آباد میں منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر اسد عمر نے صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں 55 ہزار موبائل ٹیمیں اگلے دو ماہ کے دوران لوگوں کو ان کے گھروں پر ویکسین لگائیںگی۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ مہم کے پہلے مرحلے میں تین کروڑ پچاس لاکھ افراد کو ویکسین لگوائیںگے۔ ویکسین لگوانے والوں کے بارے میں اعدادشمار کی وضاحت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 8 کروڑ افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ دس کروڑ افراد کو ابھی تک ویکسین کی پہلی خوراک لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 لاکھ افراد کو بوسٹر کی خوراک بھی لگائی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے ایک مرتبہ پھر زور دیا کہ کووڈ 19 سے بچائو کا واحد راستہ ویکسین ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ کورونا کی حالیہ پانچویں لہر کے دوران یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ جن علاقوں میں ویکسین لگوانے کی شرح زیادہ ہے، وہاں مرض کی علامات معمولی ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام پر زور دیا کہ وہ موبائل ویکسی نیشن ٹیموں کا خیر مقدم کریں اور ویکسین لگوائیں۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کو ویکسین لگوانئے چھ ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، انھیں بوسٹر خوراک بھی لگوانی چاہیے۔ پہلی دو خوراکوں کی طرح بوسٹر ڈوز بھی مفت لگائی جا رہی ہے۔