لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے۔ باران رحمت برسنے سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں 29 جون (بدھ) سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں جو رواں ہفتے کے آخر میں ملک کے جنوبی علاقوں میں زیادہ شدت اختیار کرنے کے بعد پھیل سکتی ہیں۔ نوٹی فیکیشن میں الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 04 جولائی تک اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاء الدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال اور بہاولنگر میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 01 سے 05 جولائی کے دوران کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، دادو، ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، کوہلو، کوئٹہ، قلات، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد اور سبی میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر مو سلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ ممکنہ اثرات: محکمہ موسمیات کے مطابق 02 سے 04 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں جبکہ 03 سے 05 جولائی کے دوران کراچی اور حیدر آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ ماہی گیروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ 03 سے 05 جولائی کے دوران سمندر کی طلاطم خیزی کے باعث محتاط رہیں۔ موسلا دھار بارش کے باعث کشمیر، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد، آواران، بارکھان اور کوہلو کے مقامی ندی نالیوں میں طغیانی جبکہ کشمیر، گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس دوران بڑھتے ہوئے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ تاہم بارش کا پانی چاول کی کاشت کے لئے مفید ہوگا۔ مسافر اور سیاح اس دوران محتاط رہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔