آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان یادگار دورہ ہوگا: عثمان خواجہ

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان یادگار دورہ ہوگا: عثمان خواجہ
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) آسٹریلوی اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم کا دورہ پاکستان ایک یادگار دورہ ہوگا کیونکہ دونوں ٹیمیں بہترین کرکٹ کھیلتی ہیں۔ امید ہے کہ شائقین کثیر تعداد میں سٹیڈیم میں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی اور پاکستان کی پچز ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ آسٹریلیا کے لئے کھیلنا نیا تجربہ ہوگا۔ عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی پیچ فاسٹ باؤلرز کے لیے سازگار ہوتی ہیں لیکن اس بار مختلف پچ کی امید ہے۔ برصغیر کے دیگر ممالک میں سپنرز کا کردار زیادہ ہوتا ہے تاہم پاکستان فاسٹ باؤلرز کے لئے سازگار پچیں بناتا ہے۔ میں ٹیسٹ میچوں میں پرفارمنس دینے کی امید رکھتا ہوں۔ انہوں نے پاک بھارت کرکٹ میچ نہ کھیلنے پر مایوسی کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ کرکٹ پسندیدہ کھیل ہے۔ دونوں ملکوں کو کرکٹ کھیلنی چاہیے۔ امید ہے کہ آئی سی سی دونوں ملکوں کو ایک ساتھ کھیلنے کا موقع دے گا کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ کون سا مقابلہ اور کون سی زبردست دوستی اس میں آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور وہ اچھی کرکٹ کی تعریف کریں گے۔ میں اسلام آباد میں پیدا ہوا تھا اور پنڈی سٹیڈیم میں جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں میری ٹیم بہت پر جوش ہیں ہماری ٹیم میں بھی بہترین کھلاڑی شامل ہیں۔ عثمان خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنا میرے لیے اہم لمحہ ہے۔ میری ہمیشہ سے خواہش تھی کہ پاکستان میں کھیلوں۔ پاکستان میں پیدا ہونا اور پھر پاکستان میں تاریخی ٹیسٹ میچ کھیلنا میرے لیے اہم ہے۔ انہوں نے حارث رئوف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت بائولر ہیں اور کافی تیز بولنگ کرواتے ہیں۔ اگر حارث رئوف ٹیسٹ میچ کھیلتے ہیں تو معلوم نہیں کیسی بولنگ کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے میں راولپنڈی ٹیسٹ میں اوپننگ کروں گا۔ ماضی میں برصغیر میں کرکٹ کھیلنے کا تجربہ رکھتا ہوں جو پاکستان میں کھیلنے میں مددگار ثابت ہوگا اور مجھے پاکستان میں ہمیشہ سپورٹ ملی ہے۔

Watch Live Public News