مون سون کے دوران ملک بھر میں معمول سے زائد بارشیں متوقع، محکمہ موسمیات

مون سون کے دوران ملک بھر میں معمول سے زائد بارشیں متوقع، محکمہ موسمیات
کیپشن: During monsoon, more than normal rains are expected across the country, Meteorological Department

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال مون سون کے سیزن میں ملک بھر میں معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔ 

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ مون سون کے دوران ملک بھر میں معمول سے زائد بارش متوقع ہے۔ گزشتہ سال مون سون سیزن میں سندھ میں معمول سے کم بارشیں ہوئی تھیں۔ 

انہوں نے بتایا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم "لانینا" کی واپسی ساؤتھ ایشیا میں ریکارڈ توڑ بارشوں کا سبب ہوگی۔ جس کے باعث سندھ میں 2020 اور 2021 جیسی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ اس حوالے سے ساؤتھ ایشیا فورم نے اپنی پیشگوئی جاری کردی ہے جبکہ محکمہ موسمیات مون سون سے متعلق پیشگوئی مئی کے وسط میں جاری کرے گا۔ 

ساؤتھ ایشین کلائمیٹ آؤٹ لک فورم کی مون سون سے متعلق پیشگوئی

ساؤتھ ایشین کلائمیٹ آؤٹ لک فورم کی مون سون سے متعلق پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ 2024 میں ساؤتھ ایشیا میں مون سون کے دوران معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔

سال 2024 کا موسمیاتی جائزہ جنوب ایشیا کے نو ممالک کے میٹرولوجیکل اداروں نے مل کر تیار کیا ہے۔ سیسکوف کے 28 ویں آن لائن اجلاس میں  بین الاقوامی اور خطے کے ماہرین موسمیات نے شرکت کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون سے ستمبر کے دوران جنوبی ایشیا کے بیشتر حصوں میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔ خطے کے مشرقی اور شمال مشرقی حصوں میں معمول سے کم بارش کا امکان ہے۔

عالمی موسمیاتی ماڈل کے مطابق ال نینو کے اثرات کمزور ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ مون سون کے دوسرے حصے میں لانینا طاقتور ہونا شروع ہوگا۔ جس کے بعد ساؤتھ ایشیاء کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زائد بارشیں ہوں گی۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی مون سون کے دوران معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔

Watch Live Public News